ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آسام میں بارش اور سیلاب سے صورت حال ابتر، راہل گاندھی نے کانگریس لیڈران سے متاثرین کی مدد کی اپیل کی

آسام میں بارش اور سیلاب سے صورت حال ابتر، راہل گاندھی نے کانگریس لیڈران سے متاثرین کی مدد کی اپیل کی

Fri, 20 May 2022 20:12:41    S.O. News Service

نئی دہلی،20؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آسام میں سیلاب کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے متاثرہ لوگوں کی مدد کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا، ’’آسام میں خوفناک سیلاب سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ میں کانگریس کارکنوں اور لیڈروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بچاؤ اور راحت کے کاموں میں ہر ممکن مدد فراہم کریں۔‘‘

خیال رہے کہ آسام سیلاب اور بارشوں کی وجہ سے صورت حال ابتر ہے، ریاست کے 29 اضلاع کے 7 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہیں، تاحال 9 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہو چکے ہیں۔ ریاست میں موسلادھار بارش کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق 1413 سے زیادہ گاؤں پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ ان میں سے ناگاؤں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 2.88 لاکھ لوگ تباہی کی لپیٹ میں ہیں۔ وہیں کچھار میں تقریباً 1.2 لاکھ اور ہوجائی میں 1.07 لاکھ سے زیادہ لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ریاست کے کچھ حصوں میں چند دنوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں۔ تباہ کن لینڈ سلائیڈنگ اور پانی جمع ہونے سے پلوں، سڑکوں اور ریلوے ٹریک سمیت دیگر بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

وہیں ، کچھار ضلعی انتظامیہ نے سرکاری اور نجی و غیر ضروری نجی اداروں سمیت تمام تعلیمی اداروں کو اگلے 2 دنوں کے لیے بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق یہ حکم 19 مئی کی صبح 6 بجے سے اگلے 48 گھنٹوں تک نافذ العمل رہے گا۔


Share: